برطانیہ کی براڈکاسٹنگ ریگولیٹری اتھارٹی، آفس آف کمیونیکیشن (آف کام) نے بھارتی ٹی وی چینل ریپبلک ٹی وی پر پاکستانیوں کے خلاف اشتعال انگیز زبان اور نفرت انگیز تقریر کرنے پر 20،000 پونڈز کا جرمانہ عائد کیا ہے۔
آف کام کو 6 ستمبر 2019 کو ریپبلک ٹی وی پر نشر کیا جانے والا شام کا پرائم ٹائم شو ‘پوچھتا ہے بھارت’ کی ایک قسط ملی جس میں “میزبان اور اس کے کچھ مہمانوں کے تبصروں میں پاکستانی عوام کے خلاف نفرت انگیز تقریر اور نازیبا زبان استعمال کی گئی تھی۔ پروگرام کا مواد بھی ناگوار تھا اور سیاق و سباق میں اس کا قطعی کوئی جواز نہیں تھا۔”
شو کے دوران، بھارتی مہمانوں نے کہا کہ “تمام پاکستانی دہشت گرد ہیں اور ان کے بچے عسکریت پسند ہیں”، جس پر میزبان ارنب گوسوامی نے مزید کہا، “ہم سائنسدان بناتے ہیں، آپ دہشت گرد بناتے ہیں”۔
آف کام نے کہا کہ “میزبان اور بھارتی مہمانوں نے بات چیت میں مکمل غلبہ حاصل کیا ہوا تھا، پاکستانی مہمانوں نے جواب دینے کی کوشش کی لیکن بھارتی مہمانوں نے چیخ چلا کر ان کی آواز کو دبایا اور انھیں بولنے کو موقع نہیں دیا۔”
آف کام نے مزید کہا کہ اس پروگرام کا مقصد “ناظرین میں پاکستانی عوام کے خلاف اس طرح کی عدم رواداری کو پھیلانا، اکسانا، اس طرح کے پیغام کو فروغ دینا اور جواز پیش کرنا تھا”، انہوں نے مزید کہا، “یہ بیانات صرف ان کی قومیت پر مبنی ہیں”۔
ریگولیٹری اتھارٹی نے مزید کہا:
تاہم ہم نے غور کیا کہ بھارتی فوج کے ایک ریٹائرڈ میجر جنرل کے بیانات، جس میں واضح طور پر دھمکی دی گئی تھی کہ بھارتی فوج پاکستانی شہریوں کے گھروں پر حملہ کرے گی، ایک بااثر شخصیت کی طرف سے نفرت پھیلانے اور قتل کی خواہش کا اظہار تھے۔