اگر لوگوں کو آپ کا مواد پسند ہو تو اپنی صلاحیتوں کو ظاہر کرنے اور رقم کمانے کے لئے یوٹیوب ایک بہترین پلیٹ فارم ہے۔ بہت سے لوگ اپنی صلاحیتوں کی نمائش کرتے ہوئے اچھی کمائی کررہے ہیں اور ساتھ ہی لوگوں کو خوش کرنے یا کچھ نیا سیکھنے میں بھی مدد کررہے ہیں۔ مثال کے طور پر، بہت سے لوگوں کو کھانا پکانا پسند ہوتا ہے ہو وہ تمام اچھے کھانا پکانے والے چینلز کو فالو کرتے ہیں جو اچھی طرح سے کھانا پکانے میں ان کی مدد کرتے ہیں۔ اسی طرح، کچھ لوگوں کو طنز و مزاح اور تفریح پسند ہوتی ہے جس کے لئے پاکستان میں مشہور یوٹبرز زید علی، کامکس بائی ارسلان، ڈکی بھائی اور بہت سے دوسرے آپشنز اپنے ٹیلنٹ اور اپنی وڈیوز سے آپ کو محظوظ کرتے ہیں۔ چونکہ ہر ایک کو اپنی اپنی پسند کا اختیار ہوتا ہے، اسی طرح بچے بھی کھلونوں کے جائزوں یا بہت سی دوسری ویڈیوز کے لئے بچوں کے یوٹیوبرز کی پیروی کر رہے ہیں جو ان کو تفریح مہیا کرتے ہیں۔ کچھ مہینے پہلے، ہمیں معلوم ہوا کہ 6 سال کے نوجوان یوٹیوبر نے کھلونوں کے جائزوں کے ذریعہ 8 ملین ڈالر کی پراپرٹی خریدی ہے اور اب ہمیں معلوم ہوا ہے کہ 9 سالہ ریان کاجی 2020 کا سب سے زیادہ معاوضہ حاصل کرنے والا یوٹبر بن گیا ہے۔
ریان کاجی ویڈیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم، یوٹیوب پر کھلونوں کی ان باکسنگ اور جائزے کی ویڈیوز اپ لوڈ کرتے ہیں لیکن ساتھ ہی ساتھ، وہ اپنے مداحوں کے ساتھ چیٹنگ سے بھی لطف اٹھاتے ہیں جو کم و بیش انہی کی عمر کے ہیں۔ اس چھوٹے سے لڑکے کے جائزے دیکھنے کے بعد ان کے بہت سارے پرستار کھلونے خریدتے ہیں۔ یہ اثر انگیز بچہ ‘ریان کی دنیا‘ (Ryan’s World) کے نام سے ایک یوٹیوب چینل چلاتا ہے۔
یہ چینل بچوں کو کچھ ناقابل یقین سائنس تجربات، چیلنجوں، DIY، آرٹس اینڈ کرافٹ اور کھلونوں کے جائزوں پر گفتگو کرنے کے لئے انٹرایکٹو میڈیم کا کام کرتا ہے۔ ان دنوں جب بچے کوویڈ-19 کی وجہ سے مستقل گھر پر رہ رہے ہیں، اس طرح کے چینلز ان کے لئے تفریح کا ایک ذریعہ ہیں اور تعمیری سرگرمیوں میں وقت گذارنے میں ان کی مدد کررہے ہیں۔
یہ چھوٹا لڑکا، جو ٹیکساس میں رہتا ہے اور اپنے یوٹیوب چینل سے اب تک 2.95 ملین ڈالرز کما چکا ہے، اس سال سب سے زیادہ معاوضہ حاصل کرنے والا یوٹیوبر بن گیا ہے۔ چونکہ وہ کم وقت میں مشہور ہوا ہے، اس لئے اس نے نکلیڈون پر ٹی وی سیریز کے ساتھ معاہدہ بھی کیا ہے۔
کیا یہ حیرت انگیز اور حوصلہ افزا محرک نہیں ہے؟ ہمیں ذیل میں تبصرے کے سیکشن میں بتائیں۔