وفاقی حکومت صوبوں کے لئے نئے ای آفس قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

وفاقی حکومت نے صوبوں کو ای آفس کا جدید ترین ورژن فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ای آفس کے نفاذ کی حیثیت سے متعلق اجلاس کے دوران اتفاق رائے طے پاگیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات و ٹیلی مواصلات سید امین الحق نے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری وزارت آئی ٹی اینڈ ٹیلی مواصلات شعیب احمد صدیقی اور سی ای او نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (این آئی ٹی بی) شباہت علی شاہ بھی موجود تھے۔

اجلاس کے دوران وفاقی وزیر برائے آئی ٹی کو ای آفس کے نفاذ کی حیثیت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے آئی ٹی سید امین الحق نے کہا کہ وزارت آئی ٹی اینڈ ٹیلی مواصلات ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ وفاقی وزیر برائے آئی ٹی نے کہا کہ ای آفس کے استعمال سے نہ صرف سرکاری محکموں کی کارکردگی میں بہتری آئے گی بلکہ عوامی خدمات میں شفافیت کو بھی یقینی بنایا جاسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں براڈ بینڈ خدمات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔

اجلاس میں صوبوں کو ای آفس کا جدید ترین ورژن فراہم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

تبصرہ کریں

%d bloggers like this: