زوم نے آج انٹرپرائز صارفین اور عام صارفین کے مابین اپنے ویڈیو کانفرنسنگ پلیٹ فارم کو زیادہ پرکشش بنانے کے لئے متعدد نئے اعلانات کیے۔ اعلانات میں زوم نے کچھ نئی خصوصیات کا انکشاف بھی کیا جو آنے والے مہینوں میں اس کے پلیٹ فارم پر آرہی ہیں۔ ہمیں یہ دیکھ کر حیرت ہوئی ہے کہ زوم کی اعلان کردہ بیشتر خصوصیات حال ہی میں مائیکرو سافٹ ٹیمز پر ریلیز کی گئیں ہیں۔ آپ ذیل میں زوم میں آنے والی ان خصوصیات کے بارے میں پڑھ سکتے ہیں۔
عمیق کن مناظر: یہ خصوصیت میزبان کو اپنی میٹنگوں کے لئے اپنی مرضی کے پس منظر کا تھیم ترتیب دینے یا ایسی ترتیب پیدا کرنے کی اجازت دیتے ہیں جہاں شریک افراد کی ویڈیو کسی ایسے منظر کے اندر سرایت کی جاتی ہے جیسے ہر شخص کلاس روم، میٹنگ روم یا کمرۂ عدالت میں بیٹھا ہو۔ مائیکروسافٹ نے بھی اسی طرح کی خصوصیت کا اعلان جولائی میں ‘ٹوگیدر موڈ’ کے نام سے کیا تھا۔

میٹنگ کے نئے ری ایکشنز اور اینی میشنز: غیر زبانی رابطے کو زیادہ نمایاں اور تفریح بخش بنانے کے لئے زوم میں نئے اینیمیٹڈ ری ایکشنز ہوں گے۔ ان متحرک تصاویر میں آڈیو (جیسے تالیاں بجانے کی آواز) بھی شامل ہوگی۔ مائیکروسافٹ نے بھی اس فیچر کا اعلان جولائی میں ‘لائیو ری ایکشنز’ کے نام سے کیا تھا۔

ریکارڈنگ کی جھلکیاں: آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور نیچرل لینگوئیج پراسیسنگ کا استعمال کرتے ہوئے، زوم کلاؤڈ ریکارڈنگ آپ کی ریکارڈنگ کی نقلوں سے اہم حصے منتخب کر کے پوری ریکارڈنگ کو دیکھے بغیر، میٹنگ کی اہم باتوں کا جائزہ لینا آسان بنا دے گی۔
پچھلے مہینے مائیکروسافٹ نے میٹنگ کے ری کیپ کی نئی خصوصیت کا اعلان کیا تھا جو زوم کی ریکارڈنگ ہائی لائٹس کی طرح ہے۔ مائیکروسافٹ ٹیمز میں میٹنگ ختم ہونے کے بعد، میٹنگ کی ریکارڈنگ، ٹرانسکرپٹ، چیٹ، مشترکہ فائلیں اور بہت کچھ خود بخود تیار ہوجائے گا۔ یہ ری کیپ آؤٹ لک کیلنڈر میں میٹنگ کے ایونٹ میں جاکر دوبارہ بھی حاصل کی جاسکتی ہے۔
بریک آؤٹ رومز: زوم نے اعلان کیا کہ بریک آؤٹ رومز کو زوم کے ویڈیو ویبینارز میں شامل کیا جائے گا۔ شرکاء ویبینار سیشن کے اندر چھوٹے انٹرایکٹو گروپس میں رابطے اور نیٹ ورکنگ کرسکتے ہیں۔ ستمبر میں مائیکروسافٹ نے ٹیمز کے لئے بریک آؤٹ رومز کا اعلان کیا تھا۔ میٹنگ کا منتظم ضرورت کے مطابق شرکاء کو چھوٹے گروپوں میں تقسیم کرسکتا ہے اور پیش کنندگان بریک آؤٹ رومز کے مابین منتقل ہو سکتے ہیں، تمام بریک آؤٹ رومز کے لئے اعلانات کرسکتے ہیں اور سب کو مرکزی میٹنگ میں واپس لانے کے لئے رومز بند کرسکتے ہیں۔
زیڈ ایپس: زیڈایپس یا زیپس (Zapps) وہ ایپس ہیں جن کو آپ زوم پلیٹ فارم کے اندر پراڈکٹوٹی کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے اور مزید مشغول تجربات پیدا کرنے میں مدد کے لئے استعمال کرسکتے ہیں۔ آپ کو اپنے ڈیسک ٹاپ پر ایک سے زیادہ ایپلی کیشنز کے درمیان سوئچ کرنے کی مزید ضرورت نہیں ہوگی۔ جولائی میں انسپائر کانفرنس میں، مائیکروسافٹ نے شراکت داروں کے لئے اپنے ایپس اور خدمات کے ذریعہ مائیکروسافٹ ٹیمز کے میٹنگ کے تجربے کو بڑھانے کے لئے ایک نیا طریقہ اعلان کیا۔ ڈویلپرز اور آزاد سوفٹ ویئر فروش اب ٹیمز کی میٹنگز میں نئے ٹیب کے ساتھ ساتھ نئے سائیڈ پینل اور ریئل ٹائم نوٹیفیکیشن کی اہلیتوں کے ساتھ اپنی ایپس کو ٹیمز کی میٹنگز کے تجربے میں براہ راست لاسکتے ہیں۔
زوم پر آنے والی دوسری نئی خصوصیات کے بارے میں آپ زوم کی ویب سائٹ پر اس لنک سے پڑھ سکتے ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ زوم کی زیادہ تر نئی خصوصیات پچھلے 6 ماہ میں مائیکروسافٹ ٹیمز کے اعلانات سے کافی متاثر ہیں۔ یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ مائیکروسافٹ زوم کے ان اعلانات پر کس طرح کا ردعمل ظاہر کرتا ہے۔
ماخذ: زوم