سام سنگ گلیکسی S20، گلیکسی S20 پلس اور گلیکسی S20 الٹرا سام سنگ فیملی کے اعلی درجے کے فون ہیں۔ یہ فلیگ شپ ڈیوائسز بہت ساری اعلی خصوصیات کے ساتھ آئے ہیں لیکن بدقسمتی سے یہ فون بھی مسئلوں کے بغیر نہیں ہیں۔ جب آپ کوئی ڈیوائس خریدنے کے لئے خاطر خواہ پیسہ خرچ کرتے ہیں اور اس کے بعد ان میں ناگزیر مسائل کا سامنا کرتے ہیں تو یہ بہت مایوسی کا باعث ہوتا ہے۔ اسی وجہ سے سام سنگ گلیکسی S20 الٹرا اور دوسرے ماڈلز کے ساتھ مسائل صارفین کے لئے پریشان کن ہیں۔
سام سنگ گلیکسی ایس20 الٹرا 5 جی کے صارفین کو بے ساختہ اور بعض اوقات شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ زیادہ تر مسائل ہارڈ ویئر سے متعلق ہیں۔ صارفین کے مطابق سام سنگ گلیکسی ایس20 الٹرا 5 جی سے متعلق دو اہم مسائل ہیں۔ یہ مسائل گلیکسی ایس 10، ایس 20 فیملیز، گلیکسی نوٹ 10 اور نوٹ 20 ماڈلز میں بھی دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ متعدد صارفین کے ذریعہ تصدیق کی گئی ہے کہ یہ بیٹری کے مسئلے حقیقی ہیں۔
بیٹری کا اشارہ:
ایک مسئلہ یہ ہے کہ فون بیٹری کے ایک فیصد یا اس سے کم تک پہنچنے سے پہلے ہی اور بیٹری کی مقدار کے بارے میں کوئی اشارہ ظاہر کرنے سے پہلے ہی بند ہوجاتا ہے۔
بیٹری کی کھپت:
دوسرا مسئلہ یہ ہے کہ فون کی بیٹری بہت تیزی سے ختم ہو جاتی ہے ، جب ایک سے پانچ فیصد کے درمیان تک پہنچ جاتی ہے تو فون کی بیٹری مردہ ہوجاتی ہے۔
ریڈیٹ پر بہت سے متعلقہ صارفین نے فون سے متعلق اپنے ریویوز دیئے ہیں۔ Ldn_brother کے ہینڈل والے صارف نے لکھا:
“میں ایس 20 الٹرا پر اس کی تصدیق کرسکتا ہوں۔ جیسے ہی میں 15 فیصد سے نیچے آتا ہوں بیٹری جادوئی طور پر تیزی سے غائب ہوجاتی ہے۔ میں 6 فیصد پر ہوں گا اور اچانک دو منٹ بعد جیسے ہی میں اپنا فون اٹھاتا ہوں میرا فون آف ہو جاتا ہے۔ اب تو مجھے اس کی عادت ہو گئی ہے حالانکہ میں جانتا ہوں کہ یہ ٹھیک نہیں ہے۔ S4 یا S7 کے ساتھ ایسا کبھی نہیں ہوا۔ “
کچھ صارفین نے ان بیٹری کی دشواریوں کے لئے ناقابل عمل حل فراہم کیئے ہیں۔ ایک صارف اس تجویز کے ساتھ آیا اور پوسٹ کیا: “آسان حل، جب بھی ممکن ہو اپنے فون کو چارج کریں اور اس کی بیٹری کو کم نہ ہونے دیں۔”
آپ ڈیوائس کے ساتھ پاور بینک خرید سکتے ہیں لیکن ان مسائل کے حل ہونے میں مدد نہیں ملے گی۔ سام سنگ گلیکسی صارفین کو بہترین کی امید رکھنی چاہئے اور انتظار کرنا چاہئیے کہ کب سام سنگ ان مسائل کو حل کرے گا۔ دوسری طرف سام سنگ کو بھی ان مسائل کو جلد از جلد دیکھنا چاہئے تاکہ صارفین میں اپنی ساکھ کو برقرار رکھ سکے۔