پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی درخواست پر ٹِک ٹاک انتظامیہ نے فحاشی کے مواد پھیلانے پر 93،000 اکاؤنٹس بلاک کردیئے ہیں۔
ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے بدھ کے روز جاری ایک بیان میں اس پیشرفت کی تصدیق کی ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ ٹِک ٹاک سمیت متعدد سوشل پلیٹ فارمز کے نظم و نسق سے متعلق بات چیت جاری ہے تاکہ فحش اور غیر قانونی مواد کو ہٹایا جاسکے۔
ریگولیٹری اتھارٹی نے کہا کہ وہ سوشل میڈیا ویب سائٹس پر پاکستانی قانون کے مطابق فحش مواد کے خلاف کارروائی کرنے پر زور دے رہی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پی ٹی اے کو چین کی اس ویڈیو شیئرنگ ایپ کی جانب سے مثبت جواب ملا ہے، جس نے اتھارٹی کی درخواست پر 93،000 ایسے اکاؤنٹس کو ہٹا دیا۔
پی ٹی اے کے مطابق، فیس بک نے پاکستان سے شکایات کے ازالے کے لئے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی ہے جبکہ اتھارٹی نے اداروں کی شکایات کو دور کرنے کے لئے ایک آن لائن پورٹل بھی متعارف کرایا ہے۔ اس میں مزید کہا گیا ہے کہ 34 تنظیموں کو آن لائن پورٹل تک رسائی دی گئی ہے، جبکہ ٹیلی کام واچ ڈاگ بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے رابطے میں ہے۔