ایک سال سے زیادہ افواہوں اور قیاس آرائیوں کے بعد سونی نے پلے اسٹیشن 5 کی قیمتوں کا تعین اور ریلیز کی تاریخ کا آخر کار انکشاف کر دیا ہے۔ سونی کی اگلی نسل کا گیمنگ کنسول 12 نومبر کو امریکہ، جاپان، میکسیکو، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، اور جنوبی کوریا میں ریلیز ہوگا، اور 19 نومبر کے بعد دوسرے ممالک میں ریلیز ہوگا۔
بنیادی پلے اسٹیشن 5 کی قیمت 500 ڈالرز ہوگی جبکہ ڈیجیٹل ایڈیشن کی قیمت 400 ڈالرز سے شروع ہوگی۔ جن کو بنیادی پلے اسٹیشن اور ڈیجیٹل ایڈیشن کے فرق کا پتہ نہیں ہے ان کے لئے بتاتے چلیں کہ بنیادی پلے اسٹیشن 5 ڈسک کی سپورٹ کے ساتھ آتا ہے جبکہ ڈیجیٹل ایڈیشن میں ڈسک کی سپورٹ نہیں ہوتی اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ کو اپنے سارے گیمز اس پر ڈاؤن لوڈ کر کے کھیلنے ہوں گے۔
نئے آنے والے گیمز کو لے کر سونی نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ ہاگوارٹس لیگیسی کے نام سے ایک ہیری پوٹر آر پی جی، فائنل فینٹسی XVI، اور بہت سے دوسرے گیمز بھی آ رہے ہیں۔ کچھ عرصے پہلے پیش کئے گئے اسپائیڈرمین: میلز مورالس اور ڈیمنز سولز کی تفصیلات بھی بتائی گئیں، جو سولزبورن گیمز کی لمبی فہرست میں ایک اور نام ہوگا۔ اس کے علاوہ اور بھی پرانی جنریشن کے بہت سارے گیمز ہیں جیسے کہ کنٹرولا جو PS5 میں بھی آنے والا ہے۔
سونی نے پلے اسٹیشن 5 کے یوزر انٹرفیس کے بارے میں کچھ نہیں بتایا لیکن کنسول کے پیشگی آرڈر آج سے شروع ہو رہے ہیں۔ مزید معلومات سامنے آتے ہی ہم آپ کو اپ ڈیٹ کریں گے۔