کل نیو یارک شہر میں اپنے ایجوکیشن ایونٹ میں مائیکروسافٹ نے باضابطہ طور پر ونڈوز 10 کے نئے ورژن کا اعلان کر دیا۔ ونڈوز کا یہ نیا ورژن ونڈوز 10 S کہلائے گا، جو اس سے قبل ونڈوز 10 کلاؤڈ کے طور پر جانا جاتا تھا۔
ونڈوز 10 S مائیکروسافٹ کے تعلیمی صارفین کے لیے ونڈوز 10 کا ایک نیا ورژن ہے۔ ونڈوز 10 S گوگل کی کروم بک (Chromebook) کے مقابلے پر آنے کے لئے مائیکروسافٹ کے منصوبوں کا ایک اہم حصہ ہے۔ ونڈوز 10 ایس بنیادی طور پر ونڈوز 10 کا ایک ہلکا پھلکا ورژن ہے جو صارفین کو صرف ونڈوز اسٹور سے ایپلی کیشنز ڈاؤن لوڈ اور انسٹال کرنے کی اجازت دے گا۔ صارفین ونڈوز 10 ایس پر ونڈوز اسٹور سے Win32 اور جدید ونڈوز 10 ایپس ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں، لیکن ان کے لئے ونڈوز اسٹور کے علاوہ کہیں اور سے ایپلی کیشنز ڈاؤن لوڈ اور انسٹال کرنا ممکن نہیں ہو گا۔
مائیکروسافٹ کے ٹیری مایئرسن نے تقریب میں یہ بھی بتایا کہ ونڈوز 10 ایس کو اسٹارٹ ہونے میں ونڈوز 10 پرو کے مقابلے میں بہت کم وقت لگتا ہے۔ مائیکروسافٹ کے مطابق اگر ایک صارف پہلے اپنے ونڈوز 10 S ڈیوائس میں لاگن ہو چکا ہے تو یہ ڈیوائس اسٹارٹ ہونے میں 5 سیکنڈ سے بھی کم وقت لیتا ہے۔
ونڈوز 10 S میں اسکولوں کے لئے پی سیز کی ترتیب بنانے کے لئے ایک سیٹ اپ بھی شامل ہو گا۔ ترتیبات کا یہ سیٹ اپ ایک USB فلیش ڈرایئو میں بھی محفوظ کیا جا سکے گا جسے اسکول کے دیگر پی سیز میں پلگ کر کے انھیں ایک خودکار طریقے سے فلیش ڈرایئو پر موجود ترتیبات کے مطابق ڈھالا جا سکے گا۔ اس طرح کم وقت میں زیادہ سے زیادہ پی سیز کو ایک ہی جیسی ترتیبات کے مطابق سیٹ اپ کیا جا سکے گا۔
تاہم ونڈوز 10 S کی ایک اہم خصوصیت یہ ہے کہ صارفین جب چاہیں ونڈوز 10 کے ہوم یا پرو جیسے کسی بھی دوسرے ورژن پر اپ گریڈ کر سکتے ہیں۔ یہ اپ گریڈ کرنے کے لئے انھیں اس کی قیمت ادا کرنا پڑے گی لیکن اس کے بارے میں تفصیلات ابھی تک دستیاب نہیں ہیں۔
اگر آپ سوچ رہے ہیں کہ یہ مکمل طور پر ونڈوز 10 کا ایک مختلف ورژن ہے تو آپ سراسر غلط ہیں – اس کے یوزر انٹرفیس سے لے کر عام خصوصیات تک ہر چیز بالکل ویسی ہی ہے اس لئے فکر کی کوئی بات نہیں ہے۔
ونڈوز 10 S کے مختلف ڈیوائسز کم سے کم 189 ڈالرز کی قیمت سے شروع ہوں گے اور جون جولائی کے مہینوں میں دستیاب ہوں گے۔ مائیکروسافٹ ونڈوز 10 S کے ساتھ Minecraft کے تعلیمی ایڈیشن کی مفت رکنیت کی بھی پیشکش کر رہا ہے اور اس کے علاوہ ونڈوز 10 S موجودہ اسکولوں کے ونڈوز پرو پی سیز کے لئے بھی مفت دستیاب ہو گی۔