ونڈوز 10 کلاؤڈ کا ابتدائی ورژن آن لائن لیک کر دیا گیا ہے جس سے مائیکروسافٹ کی ریڈمنڈ میں پکائے جانے والی کھچڑی کی کچھ جھلکیاں سامنے آئی ہیں۔ ٹویٹر کے ایک صارف @adguard کی طرف سے ونڈوز 10 کلاؤڈ کے ایک ورژن کا ISO لیک کر دیا گیا ہے جسے آپ اصل میں آج ہی انسٹال کر سکتے ہیں۔ ہم اسے ایک حقیقی مشین پر انسٹال کرنے کا مشورہ نہیں دیں گے بجائے اس کے آپ اسے ایک ورچوئل مشین پر انسٹال کر سکتے ہیں۔
گزشتہ اطلاعات کے مطابق، ونڈوز 10 کلاؤڈ صارفین کو صرف ونڈوز اسٹور سے یونیورسل ونڈوز پلیٹ فارم کی ایپلی کیشنز کو چلانے کی اجازت دے گا۔ ذیل اسکرین شاٹ میں، میں نے ونڈوز 10 کلاؤڈ میں مائیکروسافٹ کی وژول اسٹوڈیو کوڈ ایپلی کیشن کو انسٹال کرنے کی کوشش کی ہے جو ایک Win32 کی ایپلی کیشن ہے جس پر مجھے اس میسج کا سامنہ کرنا پڑا کہ “یہ ایپلی کیشن ونڈوز کے اس ورژن کے لئے ڈیزائن نہیں کی گئی ہے”۔ اس کے علاوہ میسج کا یہ پوپ اپ ڈائلاگ بتاتا ہے کہ “یہ ورژن [ونڈوز 10 کلاؤڈ] خصوصی طور پر ونڈوز اسٹور کے ایپلی کیشنز کو چلاتے ہوئے آپ کی اور آپ کے ڈیوائس کی حفاظت میں مدد کرنے کے لئے بنایا گیا ہے” جس میں ایک مرتبہ پھر اس بات کی تصدیق ہوتی ہے کہ یہ SKU صارفین کو صرف ونڈوز اسٹور سے ایپلی کیشنز کو چلانے کی اجازت دے گا:
تاہم یہ بات کافی دلچسپ ہے کہ آپ اصل میں ونڈوز اسٹور سے کچھ Win32 کی ایپلی کیشنز ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔ یہ Win32 کی ایپس ونڈوز اسٹور میں اس لئے ہیں کہ ڈویلپرز نے انھیں مائیکروسافٹ کے اپنے ڈیسک ٹاپ اپلی کیشن کنورٹر کے ذریعے تبدیل کیا ہے جو ان Win32 ایپلی کیشنز کو ونڈوز سٹور میں لانے کی اجازت دیتا ہے لیکن یہ ایپس اب بھی پس پردہ ایک Win32 کی ایپلی کیشن کے طور پر ہی کام کرتی ہیں۔ لہذا، آپ دراصل ان Win32 کی ایپس کو نہیں چلا سکتے جنھیں آپ نے ونڈوز اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کیا ہے۔
چونکہ یہ ونڈوز 10 کلاؤڈ کا صرف ابتدائی ورژن ہے اس لئے مجھے نہیں لگتا کہ فی الحال یہ دعوی کرنا درست ہو گا کہ ونڈوز 10 کلاؤڈ صارفین کو ونڈوز اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کی گئی Win32 کی ایپس چلانے کی اجازت نہیں دے گا۔ یہ ممکن ہے کہ مائیکروسافٹ مستقبل قریب میں ایسا کرنے کی اجازت دے دے، لیکن ہمیں انتظار کرنا ہو گا اور دیکھنا پڑے گا کہ مائیکروسافٹ کب تک باضابطہ طور پر ونڈوز 10 کے اس نئے ورژن کو ریلیز کرتا ہے۔
حقیقی طور پر ونڈوز 10 کلاؤڈ ونڈوز کا ایک بہت دلچسپ ورژن ہو سکتا ہے۔ ونڈوز 10 کلاؤڈ مائیکروسافٹ کی ونڈوز RT کی طرز کی دوسری کوشش کی طرح لگتی ہے جو ونڈوز اسٹور میں پاورفل اور کارآمد ایپلی کیشنز کے نہ ہونے کی وجہ سے صحیح معنوں میں کامیاب نہیں ہوئی۔ نئے ونڈوز اسٹور اور یونیورسل ونڈوز پلیٹ فارم کی صورت میں بھی کہانی کچھ مختلف نہیں ہے – صارفین، خاص طور پر پاور یوزرز اب بھی اپنے ٹیبلٹ پی سیز پر کلاسک Win32 کی ایپس چلانے کے قابل ہونا چاہیں گے چاہے وہ ونڈوز اسٹور سے ہی کیوں نہ ہوں۔
تاہم، ونڈوز 10 کلاؤڈ مائیکروسافٹ کو اچھی کارکردگی والے ہموار تجربے کے حامل سستے ونڈوز 10 ڈیوائسز متعارف کراتے ہوئے گوگل کی Chromebooks کے ساتھ مقابلے پر لا سکتا ہے۔