مائیکروسافٹ نے ونڈوز 10 کے ابتدائی آغاز کے ساتھ گیمنگ فیچرز پر بھرپور توجہ دی۔ ابتدائی طور پر کمپنی نے گیم DVR، گیم اسٹریمنگ، اور DirectX12 متعارف کروائے۔ تقریبا ایک سال بعد، کمپنی نے ایکس باکس پلے اینی ویئر (Xbox Play Anywhere) پروگرام کا آغاز کیا جو صارفین کو اضافی قیمت ادا کئے بغیر کسی بھی گیم کو صرف ایک بار خرید کر اپنے ایکس باکس اور ونڈوز 10 کمپیوٹر دونوں پر کھیلنے کی اجازت دیتا ہے۔ مائیکروسافٹ آنے والے کریئیٹرز اپ ڈیٹ کے ساتھ ونڈوز 10 پر گیمز کھیلنے میں بہتریاں لانے کے لئے فیچرز کے ایک نئے سیٹ پر کام کر رہا ہے، لیکن اس کے ساتھ ساتھ ونڈوز 10 کے لئے ایک اور بھی بہت دلچسپ خصوصیت پر کام کر رہا ہے۔
اور وہ دلچسپ خصوصیت نیا ” گیم موڈ” ہے۔ ونڈوز 10 کا گیم موڈ ابتدائی طور پر ونڈوز 10 کے حال ہی میں لیک ہونے والے بلڈ (build) میں دیکھا گیا۔ اس بلڈ (build) میں “gamemode” نامی ایک نئی DLL فائل ہے:
ہم نے “gamemode.dll” فائل کے موجودگی کی تصدیق تو کر لی لیکن فی الحال یہ تصدیق نہیں ہو سکی ہے کہ یہ خصوصیت دراصل کیا کام کرے گی۔ مائیکروسافٹ کے سرگرم پرستار واکنگ کیٹ کے مطابق، گیم موڈ بظاہر فعال ہونے پر ونڈوز 10 میں دوسرے پروگرامز اور پراسیسز کے مقابلے میں گیمز کو زیادہ ترجیح دیتے ہوئے ان کے لئے زائد وسائل کے مختص کرنے کو ایڈجسٹ کرے گا۔
اس کے علاوہ یہ بھی لگتا ہے کہ گیم موڈ، “ایکس باکس گیم سٹریمنگ” یا “ایکس باکس گیم ڈی وی آر” کی طرح صرف مائیکروسافٹ کے ایکس باکس برانڈ کا حصہ ہو گا۔ اس وقت، ہمیں یہ اندازہ نہیں ہے کہ گیم موڈ ونڈوز 10 پر کب آئے گا – ممکن ہے کہ مائیکروسافٹ اس کو کریئیٹرز اپ ڈیٹ کے ساتھ متعارف کرائے گا جس کے 2017 کے اوائل میں آنے کی امید ہے لیکن اس کے امکانات فی الحال کافی کم ہیں۔
یہ دیکھنا بہت دلچسپ ہو گا کہ گیم موڈ دراصل کیا کرتا ہے جب یہ استعمال کے لئے دستیاب ہو گا – بہت ہی شاندار ہو گا اگر مائیکروسافٹ ونڈوز 10 کے گیم موڈ میں ایکس باکس ون کی UI لے آتا ہے، لیکن گیم موڈ کے دوران وسائل کے مختص کرنے کی ایڈجسٹمنٹ بھی بہت شاندار ہو گی اگر آپ بہترین پرفارمینس کے متقاضی گیمز کو کھیلنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔