آج ونڈوز ہارڈویئر کمیونٹی (WinHEC) کے ایونٹ میں کوالکوم اور مائیکروسافٹ نے ونڈوز 10 کو کوالکوم کے موبائل پروسیسرز میں لانے کے لئے شراکت داری کا اعلان کر دیا۔ کوالکوم کے سنیپ ڈریگن پروسیسرز مکمل ونڈوز 10 کی سپورٹ کرنے والے پہلے ARM بیسڈ پروسیسرز ہو جائیں گے جو یقینی طور پر بہت بڑی بات ہے۔
دونوں کمپنیوں کے مطابق، سنیپ ڈریگن پروسیسرز کی طاقت سے چلنے والے ونڈوز 10 کمپیوٹرز اگلے سال کے شروع میں دستیاب ہو سکتے ہیں۔ کوالکوم نے اعلان کیا ہے کہ ان کے سنیپ ڈریگن پروسیسرز کی اگلی نسل ونڈوز 10 پرX86 ایمیولیشن کے ذریعے Win32 ایپلی کیشنز چلانے کے قابل ہو جائے گی۔ جس کے نتیجے میں کوالکوم کے سنیپ ڈریگن پروسیسرز، جو زیادہ تر اس وقت موبائل ڈیوائسز پر پائے جاتے ہیں، فوٹوشاپ یا آفس سوئٹ جیسی طاقتور ڈیسک ٹاپ ایپس چلانے کے قابل ہو جائیں گے۔ تقریب میں مائیکروسافٹ نے ایڈوب فوٹوشاپ کی ایپلی کیشن کو ایک سنیپ ڈریگن پروسیسر کی طاقت سے چلنے والے ایک ڈیوائس پر چلا کے دکھایا جو بہت متاثر کن لگ رہا تھا۔
ان ڈیوائسز میں مکمل ونڈوز 10، گیگابٹ LTE کنیکٹوٹی اور سب سے بہترین کلاس کا وائی فائی ہو گا – جبکہ ایک بہت پتلے اور بغیر پنکھے (fanless) کے ڈیزائن کے ساتھ طویل بیٹری کی لائف فراہم کرنے کے قابل ہو گا۔
کوالکوم ٹیکنالوجیز کے ایگزیکٹو نائب صدر اور کوالکوم سی ڈی ایم اے ٹیکنالوجیز کے صدر، کرسٹیانو آمون نے کہا:
کوالکوم سنیپ ڈریگن پروسیسرز دنیا کی سب سے اعلی درجے کی موبائل کمپیوٹنگ کی خصوصیات پیش کرتے ہیں، بشمول گیگابٹ LTE کنیکٹوٹی، اعلی درجے کے ملٹی میڈیا کی سپورٹ، مشین لرننگ اور اعلی ہارڈ ویئر کی سیکورٹی خصوصیات، وہ بھی ایک بہت پتلے ڈیزائن اور طویل بیٹری کی لائف کے ساتھ۔ ونڈوز 10 کے نظام کی مطابقت کے ساتھ کوالکوم سنیپ ڈریگن پلیٹ فارم کی، کلاؤڈ کمپیوٹنگ کے لئے موبلٹی کو سپورٹ کرنے اور لوگوں کے لئے ان کے کمپیوٹر ڈیوائسز کے استعمال کا ایک نیا طریقہ متعارف کرانے کی توقع ہے۔
یہ مائیکروسافٹ اور کوالکوم دونوں کے لئے ایک بہت بڑا اعلان ہے۔ یہ ممکنہ طور پر مائیکروسافٹ کو ایک ایسا اسمارٹ فون بنانے کی اجازت دے سکتا ہے جو UWP ایپس کے ساتھ ساتھ Win32 کی ایپس کو بھی چلانے کے قابل ہو گا۔ اگر کوالکوم کے ARM پروسیسرز Win32 ایپس ایمیولیٹ کرنے کے قابل ہو جائیں تو یہ “سرفیس فون” کے لئے ایک بہت بڑی اور منفرد خصوصیت ہو سکتی ہے جو مارکیٹ میں اسے تمام دوسرے اسمارٹ فونز کے مقابلے میں زیادہ منفرد بنائے گی۔