ایک نیا بگ جو آسانی کے ساتھ آئی فونز کریش کر سکتا ہے اس وقت آن لائن گردش میں ہے۔ اس بگ کو فعال ہونے میں ایک ویڈیو کے پلے بیک کی ضرورت ہوتی ہے جس کے ختم ہوتے ہی ایپل کے فونز کریش ہو جاتے ہیں۔ خوش قسمتی سے کریش ہو والا ڈیوائس ری بوٹ کرنے کے بعد دوبارہ کام کرنا شورع کر دیتا ہے۔
ایپل کے آئی فونز کے عجیب و غریب بگز کی ایک طویل تاریخ ہے جو کبھی کبھی ڈرامائی طور پر ڈیوائس کے کریش ہونے کا سبب بنتے ہیں۔ پچھلے سال ایک سادہ ٹیکسٹ میسج صارف کے پڑھے بغیر بھی تقریبا تمام آئی فونز کو غیر فعال کر سکتا تھا۔ اس کے بعد، اس سال کے اوائل میں ایک سادہ سا لنک گردش میں تھا جو خود بخود آئی فونز کو لاک اور ری بوٹ کرنے کا باعث بن رہا تھا۔ اور اب ایک ویڈیو بالکل اسی طرح کے نتائج دے رہی ہے۔
مذکورہ ویڈیو جس کا لنک ہم یہاں نہیں دے سکتے، چینی ویڈیو شیئرنگ کی ویب سائٹ Miaopai کی طرف سے آئی ہے۔ یہ ویڈیو آئی فونز پر عام طریقے سے چلتی ہے اور بظاہر بالکل یہ محسوس نہیں ہوتا کہ کچھ گڑبڑ ہے۔ تاہم ویڈیو ختم ہونے کے بعد، چند سیکنڈ یا چند منٹ کے اندر اندر ڈیوائس کریش کر دیتی ہے۔
یہ ٹرک iOS 5 سے لے کر اب تک کے تمام ورژن پر کام کرسکتی ہے۔ فون کی بحالی کے لئے واحد راستہ اس کو زبردستی ری بوٹ کرنا ہے۔ زیادہ تر آئی فونز پر آپ بیک وقت ہوم اور پاور کے بٹن دبا کران کو ری بوٹ کر سکتے ہیں جبکہ آئی فون 7 کے ماڈلز پر آپ کو بیک وقت پاور اور والیوم کے بٹنوں کو دبانے کی ضرورت ہو گی۔
یہاں اچھی خبر یہ ہے کہ یہ کوئی میلویئر یا مہلک وائرس نہیں ہے جو ڈیوائسز کو انفیکٹڈ بنا رہا ہے یا انہیں بگاڑ رہا ہے، بلکہ مسئلہ iOS کے میڈیا کو چلانے کے طریقے کے ساتھ ہے جو ڈیوائس کے پس منظر میں ہونے والے کچھ کاموں کو نامکمل چھوڑ دیتا ہے۔
ایپل نے ابھی تک عوامی طور پر اس معاملے پر تبصرہ نہیں کیا ہے اور ابھی تک اس مسئلے کے حل کا کوئی متبادل بھی نظر نہیں آ رہا ہے۔ اس صورت میں آپ صرف اتنا کر سکتے ہیں کہ اس ویڈیو کو اپنے فون پر دیکھنے سے گریز کریں۔