کوائٹ آورز (Quiet Hours) ونڈوز 10 کی ایک بہت ہی زبردست خصوصیت ہے جو صارفین کو دن یا رات کی ایک مقررہ مدت کے دوران مختلف ایپس سے آنے والی اطلاعات کو روکنے کے لئے استعمال ہوتی ہے۔ یہ فیچر اس وقت بھی بہت مفید ہو سکتا ہے جب آپ کوئی پریزنٹیشن دے رہے ہوں اور یہ نہیں چاہتے ہوں کہ اس وقت آپ کا کسی بھی غیر متوقع نوٹیفکیشن کی وجہ سے اپنی پریزنٹیشن کی طرف سے دھیان ہٹے۔ کوائٹ آورز بہت سی وجوہات کے لئے بہت مفید ہے، لیکن یہ کچھ تھرڈ پارٹی کی الارم ایپس کے ذریعے بریک نہیں ہوتی۔ مثال کے طور پر، آپ کے کوائٹ آورز شروع ہو چکے ہیں اور آپ نے ایک تھرڈ پارٹی کی الارم اپلی کیشن پر اسی وقت کے دوران کا ایک الارم سیٹ کیا ہوا ہے تو یہ الارم نہیں بجے گا۔ لیکن شکر ہے کہ اب ونڈوز 10 پر جلد ہی یہ تبدیل ہونے جا رہا ہے۔
مائیکروسافٹ کے ایک ملازم نے آج اپنے ایک بیان میں کہا کہ ونڈوز 10 جلد ہی آئندہ آنے والے انسائڈر پریویو بلڈ (Insider Preview build) میں تھرڈ پارٹی ایپس کے الارم کے ذریعے کوائٹ آورز کو توڑنے کی اجازت دے گا۔ انھوں نے کہا کہ:
ہم نے حال ہی میں اس فیچر کو کریئیٹرز اپ ڈیٹ کے اگلے فاسٹ رنگ انسائڈر میں فعال بنایا ہے! اب تمام تھرڈ پارٹی کی الارم ایپس کے ذریعے کوائٹ آورز کو توڑا جا سکتا ہے جس طرح ونڈوز 10 کی اپنی الارم اپلی کیشن کرتی ہے! (بلڈ 14972 یا اس کے بعد کا بلڈ)۔
جیسا کہ بیان میں ذکر کیا گیا ہے یہ خصوصیت بلڈ 14972 یا اس کے بعد کے بلڈ میں جاری کی جائے گی جو ممکنہ طور پر رواں ہفتے کے آخر میں دستیاب ہو گا۔ یہاں پر یہ بات قابل توجہ ہے کہ تھرڈ پارٹی الارم ایپس کے ڈویلپرز کو اپنی ایپس میں اس آنے والی خصوصیت کو ضم کرنا پڑے گا جس کا مطلب ہے کہ صارفین کو اس سہولت کا استعمال کرنے کے لئے طویل انتظار کرنا پڑ سکتا ہے۔
یہاں پر یہ واضح کرتے چلیں کہ یہ خصوصیت اور بہت سی دیگر خصوصیات ونڈوز 10 میں کریئیٹرز اپ ڈیٹ کی ریلیز کے ساتھ ہر کسی کے لئے دستیاب ہوں گی جس کے مارچ 2017 میں ریلیز ہونے کی توقع ہے۔