سامسنگ نے گیلیکسی نوٹ 7 کو مستقل طور پر بند کرنے کا اعلان کر دیا۔

سامسنگ نے اعلان کیا ہے کہ وہ گیلیکسی نوٹ 7 کی پیداوار ختم کر رہے ہیں اور دنیا بھر میں اس کی فروخت کو مستقل طور پر بند کر رہے ہیں۔

samsung_galaxy_note_7

 یہ فیصلہ کمپنی کے ایک پریس ریلیز جاری کرنے کے فورا بعد کیا گیا جس میں کمپنی نے صارفین سے تمام اصلی اور تبدیل شدہ گیلیکسی نوٹ 7 یونٹس کو پاور آف کرنے کا کہا ہے، اور ریٹیلرز اور کیریئر پارٹنرز کے لئے اسمارٹ فون کی فروخت اور تبدیلی کو روکنے کے لئے کہا ہے۔

سامسنگ نے کل ایک بیان میں کہا:

ہم صورتحال کو حل کرنے کے لئے تمام ضروری اقدامات لیتے ہوئے مناسب ریگولیٹری حکام کے ساتھ تندہی سے کام کرنے میں مصروف ہیں۔

 گیلیکسی نوٹ 7 کی پروڈکشن ختم کرنے کا فیصلہ اس کے ایک افراتفری والے سفر میں آخری مرحلہ ہے۔ اگست میں متعارف کرانے جانے اور لوگوں کی مثبت ریٹنگ پانے کے بعد شروع میں ہی گیلیکسی نوٹ 7 شدید مشکلات کی زد میں آ گیا جب انٹرنیٹ پر اس کے یونٹس کے پھٹنے کی اطلاعات منظر عام پر آئی۔ اسی طرح کے کم و بیش 35 واقعات سامنے آنے کے بعد، سامسنگ نے دنیا بھر سے اس ڈیوائس کو آفیشل طور پہ واپس بلوانا شروع کر دیا، جس کی وجہ سے لوگوں میں سراسمیگی پھیل گئی اور کئی ممالک کی ایئر لائنز اور ہوائی اڈے کے حکام نے اس ڈیوائس کے استعمال پر پابندی کا مطالبہ کر دیا۔

 سامسنگ نے اس صورتحال سے نمٹنے کے لئے وہ سب کیا جو وہ کر سکتے تھے، نہ صرف متاثرہ سیٹ بلکہ اس کے ساتھ ہر بیچے جانے والے نوٹ 7 کو ایک نئے بیٹری پیک اور ایک سبز بیٹری اشارے کے ساتھ ایک نیا سیٹ جاری کرنے کے اقدامات کئے تاکہ گاہکوں اور حکام نئے اور پرانے سیٹ میں فرق محسوس کر سکیں۔ حتی کہ ان لوگوں کو بھی صرف 60 فیصد کی بیٹری چارجنگ تک محدود کر دیا گیا جنھوں نے ابھی تک اپنے سیٹ تبدیل نہیں کروائے تھے۔

 لیکن اس کے بعد متبادل یونٹس کے بھی آگ پکڑنے کی اطلاعات آنی شروع ہو گئی، جس میں سے سب سے اہم امریکہ کے شہر لوئس ولے سے بالٹیمور کے لئے جانے والی جنوب مغربی ایئر لائنز کی پرواز 994 ہے جس کو اس وقت خالی کرنا پڑا جب ایک مسافر کے متبادل گیلیکسی نوٹ 7 میں آگ لگ گئی۔ بالآخر سامسنگ نے تمام صارفین کو اپنا گیلیکسی نوٹ 7 بند کرنے کا بول دیا اور پھر وہی کیا جوکہ ناگزیر ہو گیا تھا، یعنی گیلیکسی نوٹ 7 کی پیداوار ختم کرنے اور دنیا بھر میں اس کی فروخت کو مستقل طور پر بند کرنے کا اعلان کر دیا۔ شاید اس بات سے کچھ لوگوں کو اختلاف ہو لیکن یہ کام انھیں بہت پہلے ہی کر دینا چاہئے تھا۔

burned_samsung_galaxy_note_7

 اب انتظار اس بات کا ہے کہ سامسنگ کس طرح موجودہ گیلیکسی نوٹ 7 ڈیوائسز کے ساتھ آگے بڑھنے کے لئے منصوبہ بندی کرتی ہے اور کس طرح ان صارفین کے ساتھ پیش آتی ہے جن کے آرڈرز اس وقت زیر التواء ہیں۔

تبصرہ کریں

%d bloggers like this: